کراچی میں بھارتی حمایت یافتہ تنظیم کا رینجرز کیمپ پر حملہ، جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک، افغان دہشتگرد گرفتار
کراچی میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم جماعت الاحرار نے پاکستان رینجرز سندھ کے کیمپ پر حملہ کیا جبکہ سکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک اور ایک افغان دہشتگرد گرفتار کر لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ جماعت الاحرار کے خوارج نے کراچی میں رینجرز کیمپ کےمرکزی گیٹ پردھماکے کے بعد اندر داخل ہونےکی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنا دیے، کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک اور ایک زخمی افغان دہشتگرد گرفتار کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان رینجرز کے تین جوان بھی شہید اور 4 زخمی ہوئے، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے،عزم استحکام وژن کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
فیلڈ مارشل کا کہنا ہے کہ قوم کی حفاظت کے لیے یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں، پاکستان اپنےجوانوں کی شہادت کا بدلہ لینے کےلیے حملےکے ذمہ داروں کےخلاف کارروائی کرے گا۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کی دہشتگرد حملے کی مذمت
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کراچی میں رینجرزکےکیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرارکےدہشتگرد حملےکی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی سےجنگ میں قوم اپنےبہادرسپاہیوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرےگی، بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، پاکستانی قوم دہشتگردی کےخلاف سکیورٹی فورسزاورقانون نافذکرنےوالےاداروں کے شانہ بشانہ ہے۔
صدر زرداری کا کہنا ہے کہ شہدا کی قربانیاں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کےقومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، شہدا کے اہلِخانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کرتا ہوں اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کراچی میں رینجرز کیمپ پر بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور دہشتگرد حملہ ناکام بنانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔



