پاکستان

پشاور: برانڈڈ شاپنگ بیگ کے 20 روپے وصول کرنے پر خاتون کا مقدمہ، عدالت کا تاریخی فیصلہ

پشاور: برانڈڈ شاپنگ بیگ کے 20 روپے وصول کرنے پر خاتون کا مقدمہ، عدالت کا تاریخی فیصلہ
🔶 تقریباً ایک ماہ قبل، 11 اکتوبر 2026ء کو پشاور کی رہائشی خاتون سارہ سیال نے جوتوں کے مشہور برانڈ "NDURE” سے 4,999 روپے مالیت کے جوتے خریدے۔ جب وہ بل ادا کرنے لگیں تو انہوں نے دیکھا کہ بل میں 20 روپے شاپنگ بیگ کے بھی شامل کیے گئے ہیں۔ سارہ نے اعتراض کیا کہ اس بیگ پر برانڈ کا نام اور لوگو درج ہے جس سے آپ کی تشہیر ہوگی، تو اس کی قیمت گاہک کیوں ادا کرے؟ تاہم، انہیں بتایا گیا کہ یہ کمپنی کی پالیسی ہے اور وہ اس حوالے سے کچھ نہیں کر سکتے۔
🔶 اس واقعے کے بعد، سارہ نے 23 اکتوبر کو NDURE کے خلاف پشاور کی کنزیومر کورٹ میں شاپنگ بیگ کے 20 روپے واپس لینے اور ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا۔ خاتون نے ثبوت کے طور پر کمپنی کے شاپنگ بیگ کی تصویر اور وہ رسید جمع کروائی جس پر 20 روپے درج تھے۔ اس کے جواب میں NDURE نے تسلیم کیا کہ لوگو والے بیگ کی قیمت 20 روپے تھی، لیکن ان کا مؤقف تھا کہ یہ قیمت چھپائی نہیں گئی تھی اور خاتون نے اسے اپنی مرضی سے خریدا تھا۔
🔶 سارہ کا مؤقف تھا کہ جوتے جیسی بنیادی چیز خریدنے کے بعد اسے اٹھانے کے لیے شاپنگ بیگ فراہم کرنا کسٹمر کا حق ہے، اور برانڈ کی تشہیر والے تھیلے پر اضافی قیمت وصول کرنا سراسر غلط ہے۔ واضح رہے کہ اسی عدالت نے حال ہی میں کپڑوں کے معروف برانڈ "کھاڈی” کے خلاف بھی لوگو والے شاپر کی قیمت وصول کرنے پر جرمانے کا فیصلہ دیا تھا۔
🔶 کنزیومر کورٹ کے جج نصراللہ خان گنڈاپور نے 14 نومبر کو محض 21 دنوں کے اندر اس اہم کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ خاتون دکان پر جوتے خریدنے گئی تھیں، نہ کہ کوئی اضافی تشہیری مواد جو عام طور پر دکان کی تشہیر کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ عام کسٹمر یہی توقع رکھتا ہے کہ خریداری کے بعد سامان لے جانے کے لیے شاپنگ بیگ مفت فراہم کیا جائے گا۔
🔶 عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ NDURE کمپنی کو اس لین دین سے دوہرے فوائد حاصل ہوئے؛ پہلا جوتے کی فروخت سے اور دوسرا برانڈڈ شاپنگ بیگ کی فروخت سے۔ گاہک کسی کمپنی کا مارکیٹنگ ایجنٹ نہیں ہوتا کہ وہ برانڈ کی تشہیر والا بیگ عوامی جگہوں پر اٹھا کر پھرے اور الٹا اس کی قیمت بھی ادا کرے۔ یہ کمپنی کی جانب سے ایک فریب پر مبنی اور غیر منصفانہ تجارتی عمل ہے جو تحفظِ صارفین کے قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔
🔶 عدالت نے حکم دیا کہ سارہ سیال سے شاپنگ بیگ کی مد میں ناجائز وصول کیے گئے 20 روپے فوری واپس کیے جائیں۔ اس کے علاوہ، خاتون کو ذہنی اذیت اور مقدمہ بازی کی زحمت کے ازالے کے لیے 20 ہزار روپے بطور ہرجانہ ادا کیا جائے، جبکہ اس غیر قانونی تجارتی عمل پر کمپنی مزید 20 ہزار روپے بطور جرمانہ سرکاری خزانے میں جمع کروائے۔ ان واضح احکامات کے ساتھ عدالت نے سارہ سیال کی درخواست منظور کر لی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker