امریکا و ایران کے وفود مذاکرات کیلئے چند روز میں دوبارہ اسلام آباد آسکتے ہیں: رائٹرز
امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور جلد اسلام آباد میں ہونے کی خبریں تیزی سے گردش کر رہی ہیں۔

برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکا اور ایران کے وفود رواں ہفتے امن مذاکرات کے لیے دوبارہ اسلام آباد آسکتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کے اہلکار نے بھی رائٹرز سے گفتگو میں کہا کہ امریکا ایران مذاکرات کا اگلا دوراس ہفتے یا اگلے ہفتے کے آغاز میں ہوسکتا ہے۔
اس سے قبل امریکی خبر ایجنسی نے دو پاکستانی عہدیداروں کے حوالے سے کہا تھا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی میزبانی کی پیشکش کر دی ہے۔
امریکی خبر ایجنسی کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے مذاکرات جمعرات کو اسلام آباد میں ہو سکتے ہیں۔
ادھر امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔
جے ڈی وینس کا کہنا تھا انہوں نے ہمارے اور ایران کے درمیان ثالثی کرانے میں حقیقی قیادت اور مدبرانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا، پاکستان نے دو ایسے ممالک کے درمیان ثالثی میں مدبرانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا جو طویل عرصے سے سنجیدہ مذاکرات نہیں کررہے تھے۔



