برج خلیفہ کا اعزاز خطرے میں پڑ گیا

دبئی کی مشہور عمارت برج خلیفہ جلد دنیا کی بلند ترین عمارت ہونے کا اعزاز کھو سکتی ہے۔
828 میٹر بلند برج خلیفہ کو سعودی عرب میں زیرِ تعمیر دو بڑے منصوبے پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔ ریاض میں مجوزہ “رائز ٹاور” نامی میگا پراجیکٹ کی بلندی دو ہزار میٹر بلند رکھنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، تاہم یہ منصوبہ ابھی ابتدائی ڈیزائن مرحلے میں ہے۔
دوسری جانب جدہ اکنامک ٹاور کی تعمیر تیزی سے جاری ہے اور یہ حال ہی میں 370 میٹر کی بلندی تک پہنچ چکا ہے۔ “جی ای سی ٹاور” کے نام سے بھی معروف یہ عمارت ایک ہزار میٹر سے زائد بلند ہو گی، جو اسے برج خلیفہ سے اونچا بنا دے گی۔
برج خلیفہ کے بعد دنیا کی دوسری بلند ترین عمارت کی تعمیر بھی دبئی میں ہوگی
ایک کلومیٹر بلند اس ٹاور پر شیشے کی بیرونی دیواروں کا کام بھی شروع ہو چکا ہے۔ اس میں لگژری رہائشی یونٹس، تجارتی مقامات، فور سیزنز ہوٹل اور ایک آبزرویشن ڈیک شامل ہوگا جہاں سے جدہ اور بحیرہ احمر کا منظر دیکھا جا سکے گا۔
“یہ ٹاور جدہ اکنامک کمپنی سٹی کے پہلے مرحلے کا حصہ ہوگا، جس کا رقبہ 13 لاکھ مربع میٹر ہے، جبکہ پورے منصوبے کا کل رقبہ تقریباً 53 لاکھ مربع میٹر پر مشتمل ہو گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سعودی منصوبے کا ڈیزائن بھی امریکی آرکیٹیکٹ ایڈرین اسمتھ نے تیار کیا ہے، جو برج خلیفہ کے بھی معمار ہیں۔
عالمی شہرت یافتہ آرکیٹیکچر فرم HKS نے 2025 میں سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے تعاون سے ریاض کے “رائز ٹاور” کے ڈیزائن پیش کیے تھے۔



