برطانیہ میں غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف کریک ڈاؤن، 45 ہزار افراد کو ملک بدر کرنے کا اعلان

لندن، برطانوی حکومت نے غیر قانونی امیگریشن کے خلاف اپنی پالیسی مزید سخت کرتے ہوئے آئندہ 10 برسوں کے دوران 45 ہزار مزید غیر قانونی تارکین وطن اور غیر ملکی مجرموں کو برطانیہ سے ملک بدر یا بے دخل کرنے کا بڑا منصوبہ سامنے رکھ دیا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق ملک بدری کے عمل کو تیز، مؤثر اور منظم بنانے کے لیے امیگریشن ریموول سینٹرز (حراستی مراکز) کی گنجائش میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے مختلف حراستی مراکز میں ایک ہزار نئے بستروں کا اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ ملک بدری کے منتظر افراد کو زیادہ مؤثر انداز میں حراست میں رکھا جا سکے اور انہیں طویل عرصے تک کمیونٹی میں آزاد رہنے کا موقع نہ ملے۔
برطانوی حکام کے مطابق اس منصوبے سے خاص طور پر غیر ملکی مجرموں، غیر قانونی طور پر کام کرنے والے افراد اور چھوٹی کشتیوں کے ذریعے برطانیہ پہنچنے والے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔



