ایشیا کے امیر ترین شخص کو چین میں کرپشن پر عمر قید کی سزا

چین کی معروف پراپرٹی کمپنی ایورگرینڈ کے بانی ہوئی کایان کو چینی عدالت نے عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ دنیا کی سب سے زیادہ قرض میں ڈوبی پراپرٹی کمپنیوں میں شمار ہونے والی ایورگرینڈ کے بانی کے خلاف یہ فیصلہ کمپنی کے بحران کے تقریباً پانچ سال بعد سامنے آیا ہے۔ کمپنی کے دیوالیہ ہونے سے چین کی معیشت، پراپرٹی مارکیٹ اور مالیاتی نظام کو شدید دھچکا لگا تھا۔
67 سالہ ہوئی کایان کبھی ایشیا کے امیر ترین شخص تھے۔ وہ 1996 میں ایورگرینڈ کے قیام کے بعد تیزی سے چین کے پراپرٹی کاروبار میں نمایاں مقام تک پہنچے۔ کمپنی نے بڑے پیمانے پر قرض لے کر ہاؤسنگ منصوبوں کو وسعت دی اور ایک وقت میں چین کی سب سے بڑی پراپرٹی ڈویلپر بن گئی۔
2017 میں فوربز کے مطابق ہوئی کایان کی دولت تقریباً 45.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی لیکن کمپنی کی تیز رفتار توسیع کے لیے حاصل کیے گئے بھاری قرضے بعد میں اس کے لیے سب سے بڑا مسئلہ بن گئے۔
رائٹرز کے مطابق ایورگرینڈ تقریباً 300 ارب ڈالر کے مجموعی واجبات میں سے زیادہ تر کی ادائیگی کرنے میں ناکام رہی۔ عدالت نے ہوئی کایان کو متعدد جرائم میں سزا سنائی ہے۔ ان میں کمپنی کے فنڈز کا غلط استعمال، فنڈز اکٹھے کرنے میں فراڈ، عوام سے غیر قانونی طور پر رقوم جمع کرنا، غیر قانونی قرضوں کی توسیع، سیکیورٹیز کے اجرا میں دھوکا دہی اور رشوت شامل ہیں۔
کایان نے رواں سال اپریل میں ان آٹھ الزامات کا اعتراف بھی کیا تھا۔ عدالت نے نہ صرف ہوئی کایان کو عمر قید کی سزا سنائی بلکہ ان کی تمام ذاتی جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔
عدالت کے مطابق ایورگرینڈ، اس کی ذیلی کمپنی ہینگڈا ریئل اسٹیٹ اور ہوئی کایان کی مجرمانہ سرگرمیوں میں انتہائی بڑی رقوم شامل تھیں، جن کے نتیجے میں بہت زیادہ معاشی نقصان ہوا اور معاشرے پر بھی اس کے سنگین اثرات پڑے۔
اس مقدمے میں صرف ایورگرینڈ کے بانی ہی کو سزا نہیں ہوئی بلکہ عدالت نے کمپنی پر 8.82 ارب یوآن، یعنی تقریباً 1.31 ارب ڈالرکا جرمانہ بھی عائد کیا ہے، جبکہ اس کی مرکزی ذیلی کمپنی ہینگڈا پر 7 ارب یوآن کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ کمپنی سے وابستہ پانچ دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو بھی 6 سے 18 سال تک قید اور جرمانوں کی سزائیں سنائی گئیں۔ سرکاری چینی میڈیا کے مطابق ہوئی کایان کے علاوہ ایورگرینڈ سے منسلک مجموعی طور پر 56 افراد کو جمعرات کے روز مختلف سزائیں دی گئیں۔



