فریج بھی بن سکتا ہے آگ کا سبب، یہ غلطیاں ہرگز نہ کریں

فریج گھر کے ان برقی آلات میں شامل ہے جو عموماً دن رات مسلسل چلتے رہتے ہیں۔ اسی لیے اس کی صفائی، بجلی کی وائرنگ اور مناسب جگہ کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔ فریج میں آگ لگنے کے واقعات عام نہیں، لیکن خراب تار، ڈھیلا ساکٹ، وولٹیج میں شدید اتار چڑھاؤ، برقی خرابی یا زیادہ گرم ہونے جیسے مسائل خطرہ پیدا کر سکتے ہیں۔
اکثر لوگ فریج کو صرف کھانے پینے کی چیزیں ٹھنڈی رکھنے والا برقی آلہ سمجھتے ہیں، لیکن چونکہ یہ مسلسل بجلی استعمال کرتا ہے، اس لیے اس کی معمولی خرابی کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ چند آسان احتیاطیں فریج کو محفوظ رکھنے کے ساتھ گھر میں برقی حادثے کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔
فریج کو دیوار سے بالکل نہ لگائیں
فریج کے اردگرد ہوا کی مناسب گنجائش ہونی چاہیے۔ اسے بالکل دیوار سے لگا دینے یا اس کے پیچھے سامان رکھ دینے سے گرمی باہر نکلنے میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں کمپریسر کو زیادہ کام کرنا پڑ سکتا ہے اور فریج کے اندرونی حصوں پر اضافی دباؤ پڑ سکتا ہے۔
فریج یا اے سی کو ہمیشہ ایسے مقام پر نصب کریں جہاں ارد گرد ہوا کی روانی بلاتعطل جاری رہے۔ فریج کی پچھلی دیوار اور کے درمیان کم از کم چند انچ کا فاصلہ ضرور رکھیں تاکہ گرم ہوا آسانی سے خارج ہو سکے۔
اسے چولہے، ہیٹر یا کسی دوسرے گرم آلے کے بالکل قریب رکھنے سے بھی گریز کریں۔
پلگ اور تار کو باقاعدگی سے دیکھیں
فریج کی بجلی کی تار اور پلگ کو کبھی نظر انداز نہ کریں۔ اگر تار پر کٹ لگا ہو، پلگ ڈھیلا ہو، ساکٹ گرم ہوتا محسوس ہو یا جلنے کی بو آئے تو یہ برقی خرابی کی علامت ہو سکتی ہے۔
ایسی صورت میں فریج کو مسلسل چلانے کے بجائے کسی ماہر الیکٹریشن سے مسئلہ چیک کروانا بہتر ہے۔ خراب تار کو خود سے جوڑنے یا غیر معیاری ساکٹ استعمال کرنے سے خطرہ مزید بڑھ سکتا ہے۔
وولٹیج میں اتار چڑھاؤ سے احتیاط کریں
بجلی کے وولٹیج میں اچانک کمی یا اضافہ فریج کے کمپریسر اور دوسرے برقی حصوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ برقی آلات کو اچانک آنے والے ہائی وولٹیج کے جھٹکوں سے بچانے کے لیے ہمیشہ اچھی کوالٹی کا آٹومیٹک اسٹیبلائزر استعمال کریں۔
اگر کسی علاقے میں وولٹیج کا مسئلہ بار بار رہتا ہو تو فریج کی کمپنی کی ہدایات کے مطابق مناسب وولٹیج پروٹیکشن کے بارے میں ماہر سے مشورہ کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی ضروری ہے کہ فریج کو غیر معیاری ایکسٹینشن بورڈ یا ایسے ملٹی پلگ میں نہ لگایا جائے جو اس کے برقی بوجھ کے لیے موزوں نہ ہو۔
فریج کے پیچھے گرد جمع نہ ہونے دیں
وقت گزرنے کے ساتھ فریج کے پچھلے حصے میں گرد اور مٹی جمع ہو سکتی ہے اور وہاں موجود کولنگ کوئلز اور وینٹس پر مٹی اور کچرا جمع ہونے سے موٹر پر ضرورت سے زیادہ بوجھ پڑتا ہے۔ مہینے میں کم از کم ایک بار فریج کے پچھلے حصے کو نرم برش یا ویکیوم کلینر سے ضرور صاف کریں۔
فریج کی صفائی کرتے وقت بجلی کا کنکشن محفوظ طریقے سے منقطع کریں اور اس کے پچھلے حصے، وینٹ اور قابل رسائی حصوں کو مناسب طریقے سے صاف کریں۔ برقی حصوں پر پانی ڈالنے سے مکمل طور پر گریز کریں۔
غیر معمولی آواز اور بو کو نظر انداز نہ کریں
اگر فریج سے اچانک غیر معمولی آواز آنے لگے، کمپریسر بار بار آن اور آف ہو، فریج معمول سے زیادہ گرم محسوس ہو یا جلنے جیسی بو آنے لگے تو اسے معمولی مسئلہ سمجھ کر نظر انداز نہ کریں۔



