وزارت صحت کا ملک بھر میں جعلی ادویات کا خاتمہ یقینی بنانے کیلئے بڑا اقدام

وزارت صحت نے ملک بھر میں جعلی ادویات کا خاتمہ یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھا لیئے ، وفاقی کابینہ نے ادویات پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کی باضابطہ منظوری دیدی ۔ ڈرگ لیبلنگ اینڈ پیکنگ رولز انیس سو اٹھہتر میں ضروری ترامیم کی گئی ہیں ۔
وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا یہ فیصلہ جعلی ادویات کے خاتمے کی جانب اہم قدم ہے ۔ آئندہ ہر دوا کو ڈیجیٹل طریقے سے ٹریک اور ویریفائی کیا جا سکے گا ۔ جعلی ، غیرمعیاری اور نقلی ادویات کی نشاندہی اور ان کا خاتمہ ممکن ہوگا ۔ صارف باآسانی دوا کی میعادِ استعمال اور قیمت کی مستند معلومات حاصل کر سکے گا ۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اس جدید نظام کو ملک بھر میں نافذ کرےگی ۔ نئے قواعد کے تحت تمام دوا ساز کمپنیوں اور درآمد کنندگان کے لئےلازم ہو گا کہ ہر دوا کے پیک پر معیاری ٹو ڈی بارکوڈ اور سیریلائزیشن ڈیٹا درج کریں ۔ اس سے پاکستان خطے میں جدید ٹیکنالوجی اپنانے والا نمایاں ملک بن جائے گا ۔



