ایبٹ آباد، بھکر اور ملتان میں ٹریفک حادثات، 12 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہو گئے

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے، جبکہ کراچی میں اسکول وین الٹنے سے 4 بچے زخمی ہوئے۔
پاکستان میں آئے روز ٹریفک حادثات میں اموات رپورٹ ہوتی ہیں جن کے پیچھے بڑی وجوہات میں لاپرواہی اور تیز رفتار ڈرائیونگ شامل ہیں۔ ایشین ٹرانسپورٹ آبزرویٹری کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ٹریفک حادثات میں تقریباﹰ ہر 6 منٹ بعد کسی نہ کسی انسان کی موت واقع ہوتی ہے۔ گزشتہ روز بھی پاکپتن میں مسافر بس اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوئے۔
آج صبح ایبٹ آباد ہزارہ موٹروے پر گلگت سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس ڈمپر سے ٹکرا گئی جس کے نیتجے میں 7 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد حمید اللہ خان نے اموات اور زخمیوں کی تعداد کنفرم کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال ایبٹ آباد اور ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
ان کے مطابق امدادی ٹیمیں فوراً جائے وقوعہ کی جانب روانہ کی گئیں تھیں جنہوں نے زخمیوں کو دونوں ہسپتالوں میں منتقل کیا۔



