
الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے 5 حلقوں پر انتخابی نتائج روکتے ہوئے مخصوص پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا۔
چیف الیکشن کمشنرگلگت بلتستان راجہ شہباز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گلگت بلتستان کے 5 حلقوں کے کچھ پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ تمام حلقوں کے فارم 47 مکمل ہوگئےہیں، 5 حلقوں کےکچھ پولنگ اسٹیشنز پردوبارہ پولنگ کاحکم دیا ہے، ان حلقوں کے حتمی نتائج کو مؤخر کردیا ہے، 15 جون کو پولنگ کے بعد متعلقہ حلقوں کا فارم 47 اور 48 جاری کیاجائےگا۔
گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے نتائج نقشے کی مدد سے دیکھیں
انہوں نے بتایا کہ جے بی اے8 کے10، جی بی اے13استور کے ایک ، جی بی اے 15 دیامر ون کے ایک ، جی بی اے 16 دیامرٹو کے 3 اور جی بی اے17 دیامرتھری کے 11 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ ہوگی۔
الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کےنوٹیفکیشن کے مطابق ری پولنگ والے پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج شامل ہونے کے بعد ہی حتمی نتیجہ مرتب کیا جائےگا اور تب تک پوسٹل بیلٹس کھولنے اور گنتی کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے متعلقہ ریٹرننگ افسران کو نتائج جاری نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔



