
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گرد حملوں پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتا۔
افغانستان کی صورتحال پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں عاصم افتخار نے کہا کہ اپنی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے جب اور جہاں ضرورت ہوگی، حقِ دفاع کے تحت جواب دیں گے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ بھارت افغانستان کی مدد کی آڑ میں پاکستان میں عدم استحکام کی سازشیں کررہا ہے، بھارت کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کو پراکسی کے طور پر استعمال کررہا ہے جو افغانستان سے پاکستان میں دہشت گرد حملے کررہے ہیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ دہائیوں سے دہشت گردی افغانستان کا ایک سنگین مسئلہ رہی ہے اور اس کے اثرات پڑوسی ممالک اور وسیع ترخطے تک محسوس کیےگئےہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین دہشت گرد تنظیموں کےلیےمحفوظ پناہ گاہ کے طور پراستعمال ہوتی رہی ہے، ان میں وہ گروہ بھی شامل ہیں جنہیں مخالفین پاکستان اور دیگر ممالک کے خلاف استعمال کرتے رہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ توقع تھی کہ طالبان افغانستان میں سرگرم عمل دہشت گرد تنظیموں کےخلاف اقدامات کریں گے،بدقسمتی سے طالبان ایسی کارروائیاں کرنے میں ناکام رہے ہیں، طالبان نےپاکستان اور دیگر ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات کو مکمل نظراندازکیا۔



