قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی: موبائل فونز پر پی ٹی اے ٹیکس اقساط میں ادا کرنے کی تجویز

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ہدایت کی ہے کہ وہ موبائل فونز پر عائد پی ٹی اے ٹیکس کی ادائیگی کے لیے اقساط کی سہولت متعارف کرائے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اراکین نے مؤقف اختیار کیا کہ ملک میں بڑی تعداد میں غیر پی ٹی اے منظور شدہ موبائل فونز موجود ہیں۔ اس لیے صارفین کو ٹیکس کی ادائیگی میں سہولت دینے کے لیے قسطوں کا نظام متعارف کرایا جانا چاہیے۔
اراکین نے کہا کہ دنیا بھر میں کم قیمت مصنوعات بھی اقساط پر خریدی جاتی ہیں، اس لیے موبائل فون ٹیکس پر بھی یہی سہولت دی جا سکتی ہے۔
کمیٹی کے چیئرمین سید نوید قمر نے ایف بی آر کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ساتھ مل کر اس تجویز پر عمل درآمد کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران بعض اراکین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ موجودہ ٹیکس نظام زیادہ تر ریونیو بڑھانے یا مقامی مینوفیکچرنگ کے تحفظ کے لیے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکس نادہندگان کے خلاف پنجاب ریونیو اتھارٹی کی کارروائیاں تیز، کروڑوں روپے کی وصولیاں
ایف بی آر حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ ٹیکس حکومت کی آمدنی کا اہم ذریعہ ہیں۔ جبکہ سیکرٹری خزانہ نے خبردار کیا کہ کم قیمت موبائل فونز پر ٹیکس میں کمی سے تقریباً ایک ارب روپے کے ریونیو خسارے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ جس کی تلافی دیگر ذرائع سے کرنا پڑے گی۔



