پاکستان
افغان طالبان سے شکوہ ہے کہ آپ اپنی زمین پاکستان کیخلاف استعمال ہونے سے نہیں روک رہے: حافظ نعیم
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے افغانستان کی عبوری حکومت سے شکوے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان سے بہت بڑا شکوہ ہے کہ آپ کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو ہو رہی ہے اور آپ اسے روک نہیں پا رہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا پاکستان اور افغانستان کے کشیدہ تعلقات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا ریاست پاکستان اور علما کے ذریعے بات چیت کی جائے، بین الاقوامی سطح پر بھی علما کی تنظیم موجود ہے وہ بھی اس میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان معاملات کو نارمل کرنے کے لیے چین حتیٰ کہ روس بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے، ترکیہ بھی اس میں کردار ادا کر سکتا ہے، ان سب کے ساتھ ملکر بات چیت کو ہی موقع ملنا چاہیے کیونکہ لڑائی کے نتیجے میں دونوں ممالک کی عوام ایک دوسرے سے دور ہوتی جا رہی ہے اور یہ بہت بڑا نقصان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس میں اگر قبائل کے لوگوں کو بھرپور نمائندگی دی جائے تو ایک ایسا گریٹر جرگہ بن سکتا ہے جو اس مسئلے کو حل کر سکتا ہے۔



