سینیٹ کی موبائل ایپلی کیشن لانچ کردی گئی

ملک کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کی موبائل ایپلی کیشن لانچ کردی گئی۔ قائم مقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے ایپ کا اجراء ڈیجیٹل سفر میں نئے دور کا آغاز قرار دے دیا۔
سینیٹ کی موبائل ایپلی کیشن کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ محض موبائل ایپ کا اجرا نہیں بلکہ کام اور سوچ کے نئے انداز کی جانب پیش رفت ہے۔ عوام کی خدمت کے نئے عزم کے ساتھ سینیٹ کی ڈیجیٹل تبدیلی جاری ہے۔ اس سے سینیٹ اور ارکان کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ قائم مقام صدر نے امید ظاہر کی کہ سینیٹ موبائل ایپ جدید پارلیمانی ادارے کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگی۔ ٹیکنالوجی اور جدت اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایوان بالا کو ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ قدم ملا کر چلنا ہوگا۔ یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ سینیٹ سیکریٹریٹ پہلے ہی ای آفس نظام اپنا چکا جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے۔ موبائل ایپ اسی وسیع تر ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کا حصہ ہے۔



