پاکستان
نئے انتظامی یونٹس کا قیام ملک کی بقا کیلئے ناگزیر ہے: مصطفیٰ کمال
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کہا ہےکہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام ملک کی بقا کے لیے ناگزیر ہے۔

ایم کیو ایم کے تحت کورنگی میں رابطہ مہم سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہاکہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6 ہفتے بعد شارع فیصل پر ہر زبان بولنے والا اپنا انتظامی یونٹ مانگنے نکلے گا، سندھ کے ظالم اور متعصب حکمران ہمارا وجود تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں۔
مصطفیٰ کمال کاکہنا تھا کہ شہری کوٹے پر جعلی ڈومیسائل بنا کر کراچی کے نوجوانوں کا حق مارا جا رہا ہے، 18 سالوں میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو ایک چپڑاسی کی نوکری تک نہیں دی گئی، 18 سالوں میں سندھ کو 22 ہزار ارب روپے ملے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ 22 ہزار ارب روپے کی رقم سے 50 مرتبہ نیا سندھ بن سکتا تھا، سندھ کے کرپٹ حکمرانوں نےاس پیسہ سےدبئی، لندن اور امریکا میں جاگیریں بنائیں۔



