اوور بلنگ : تمام ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز کی تنصیب

اسلام آباد : حکومت نے ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حکومتی اقدام کا مقصد بجلی چوری اور اووربلنگ کی روک تھام کے ساتھ صارفین کو درست بلوں کی فراہمی یقینی بنانا ہے، اس منصوبے کے لیے مالی وسائل کے انتظام میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ کی زیر صدارت بجلی تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ڈسکوز کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کے لیے فنڈز کے انتظام سے متعلق کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ اسمارٹ میٹرنگ نظام کے لیے مالی وسائل کے حصول میں اب تک مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ اس نظام سے بجلی چوری کی روک تھام، بلنگ کے نظام میں درستگی اور صارفین سے اضافی بل وصول کیے جانے کے امکانات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے بعد بھی اسمارٹ میٹرنگ منصوبے کو جاری رکھنے کے معاملات زیر غور آئے۔
اس موقع پر احد چیمہ نے کہا کہ حکومت ایسے انتظامات کرے گی جن کے تحت نجکاری کے بعد نجی سرمایہ کار اس منصوبے کو آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا مقصد صارفین پر اضافی اخراجات یا غیر ضروری مالی بوجھ منتقل کرنا نہیں ہے۔
حکومت اس عمل میں صارفین کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گی اور سرمایہ کاروں کو اپنی مالی و معاہداتی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نجکاری کا عمل مکمل ہونے تک ترقیاتی منصوبوں کے لیے کثیرالجہتی مالیاتی اداروں اور شراکت داروں کے ساتھ مذاکرات جاری رہیں گے۔
اگر مذاکرات یا منصوبوں کی تیاری کے دوران کسی بجلی تقسیم کار کمپنی کی نجکاری ہوجاتی ہے تو طے شدہ شرائط کے مطابق متعلقہ مالی معاونت اور ترقیاتی منصوبے نجی سرمایہ کار کو منتقل کردیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے مزید زور دیا کہ نجکاری کے بعد کسی بھی بجلی تقسیم کار کمپنی میں نجی سرمایہ کار کی جانب سے شروع کیے جانے والے نئے منصوبے مسابقتی بولی کے عمل سے گزارے جائیں گے اور متعلقہ ضابطوں کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے ان کی منظوری بھی حاصل کرنا ہوگی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔



