کوہاٹ میں جرائم پیشہ عناصر کے ایما پر فتنہ الخوارج کا پولیس پارٹی پر حملہ، ڈی ایس پی سمیت 10 اہلکار شہید، 18 خوارج ہلاک

کوہاٹ میں دریائے سندھ پر سونےکی غیرقانونی مائننگ کےخلاف آپریشن کے بعدخوارج کے حملے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق آج خیبر پختونخوا پولیس اور مقامی سول انتظامیہ کی جانب سے کوہاٹ کے قریب درابو کچ میں غیر قانونی طور پر سونے کی مائننگ کرنے والے عناصر کے خلاف آپریشن کیا گیا۔
آپریشن مکمل کرنے کے بعد واپسی پر جرائم پیشہ عناصر کے ایما پر فتنہ الخوارج نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔ پولیس کے جوانوں نے حملہ آوروں کا انتہائی بہادری اور جواں مردی سے مقابلہ کیا جس کے نتیجے میں 18 خوارج جہنم واصل ہوئے۔
اس دوران بہادری سے لڑتے ہوئے ایک ڈی ایس پی سمیت خیبر پختونخوا پولیس کے 10 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پولیس کے مطابق بیرونی قوتوں کے ایما پر جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا باہمی گٹھ جوڑ اور پولیس پارٹی پر مشترکہ حملہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ جرائم پیشہ مافیا اور فتنہ الخوارج آپس میں منظم روابط رکھتے ہیں۔
کے پی پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ یہ واقعہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ فتنہ الخوارج کا دینِ اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، یہ عناصر اپنے مذموم مقاصد کے لیے جرائم پیشہ مافیا کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ بیرونی پشت پناہی سے کام کرنے والے جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کے خلاف ہر ممکن کارروائی عمل میں لائی جائے گی، خوارج کے سہولت کاروں اور جرائم پیشہ مافیا کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔



