ورلڈکپ میں شریک ٹیموں کی تعداد 48 سے بڑھا کر 64 کرنے پر غورکیا جاسکتا ہے، فیفا صدر

فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کا کہنا ہےکہ مستقبل میں فیفا ورلڈکپ میں شریک ٹیموں کی تعداد 48 سے بڑھا کر 64 کرنے پر غور کیا جاسکتا ہے، ورلڈکپ صرف دو براعظموں کے لیے نہیں بلکہ اس میں شرکت کا خواب دیکھنا ہر کسی کا حق ہونا چاہیے۔
سوئس نشریاتی ادارے کو دیےگئے انٹرویو میں جیانی انفانٹینو نےکہا کہ 64 ٹیموں پر مشتمل ورلڈکپ کی تجویز متعلقہ فیفا کمیٹیوں میں زیر غور آئےگی۔
انہوں نےکہا کہ ورلڈکپ صرف یورپ اور جنوبی امریکا کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے ہے، ہر ملک کو ورلڈکپ میں شرکت کا خواب دیکھنےکا موقع ملنا چاہیے۔
انفانٹینو کے مطابق دنیا بھر میں فٹبال کا معیار مسلسل بہتر ہو رہا ہے اور اگر چھوٹے ممالک کو ورلڈکپ میں کھیلنےکا موقع نہ دیا جائے تو ان کے لیے مزید ترقی کی ترغیب بھی کم ہو جائےگی۔
فیفا صدر نے 2026 ورلڈکپ میں پہلی بار 48 ٹیموں کی شمولیت کو 100فیصد کامیاب قرار دیتے ہوئےکہا کہ تمام براعظموں کی ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا اور زیادہ ممالک کی شرکت سے عالمی سطح پر فٹبال کو فروغ ملا۔



