فلپائن کے ساحلی علاقوں میں 7.5 شدت کا زلزلہ، کئی ملکوں میں سونامی وارننگ جاری

فلپائن کے جنوبی ساحلی علاقوں میں جمعے کی صبح 7.5 شدت کا زلزلہ آیا، زلزلے کے بعد کئی ممالک میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی اور قریبی ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو فوراً بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی تاہم بعدازاں انتباہ واپس لے لیا گیا۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق فلپائن کے محکمہ ارضیات (فیوولکس) نے بتایا کہ زلزلہ منڈاناؤ کے علاقے میں داؤاؤ اورینٹل کے ساحلی قصبے مانائے کے قریب سمندر میں آیا، ادارے نے ابتدائی طور پر زلزلے کی شدت 7.6 بتائی تھی جسے بعد میں کم کر کے 7.5 کر دیا گیا، جب کہ اس کی گہرائی 20 کلومیٹر (12 میل) بتائی گئی۔
تاہم خبر رساں ’اے ایف پی‘ کے مطابق یورپی و بحیرہ روم زلزلہ مرکز (ای ایم ایس سی) نے بتایا کہ زلزلے کی شدت 7.4 اور گہرائی 58 کلومیٹر (36 میل) تھی۔
امریکی سونامی وارننگ سسٹم نے خبردار کیا کہ زلزلے کے مرکز سے 300 کلومیٹر (186 میل) کے اندر آنے والے ساحلی علاقوں میں خطرناک لہریں اٹھ سکتی ہیں۔
صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے کہا کہ حکام زمینی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور جب حالات محفوظ ہوں گے تو سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کو روانہ کیا جائے گا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہم دن رات کام کر رہے ہیں تاکہ مدد ہر اس شخص تک پہنچے جسے اس کی ضرورت ہے‘، متاثرہ علاقے کے مقامی حکام سے فوری طور پر رابطہ نہیں ہو سکا۔
فیوولکس نے وسطی اور جنوبی فلپائن کے ساحلی قصبوں کے رہائشیوں سے کہا کہ وہ فوراً بلند مقامات پر منتقل ہو جائیں یا اندرونِ ملک دور چلے جائیں، کیونکہ معمول کی لہروں سے ایک میٹر یا اس سے زیادہ اونچی سونامی لہروں کا خدشہ ہے۔



