سوزوکی موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ

پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے بھی موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا۔
یکم جولائی 2025 سے مؤثر کی نئی ریٹیل قیمتوں کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ مالی سال 26-2025 کے وفاقی بجٹ میں متعارف کرائی گئی تبدیلیوں کے بعد سامنے آیا ہے، جن میں آٹوموبائل سیلز پر نئی ”نیو انرجی وہیکل (این ای وی)“ لیوی کا نفاذ بھی شامل ہے۔
ڈیلرز کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق جی ڈی 110ایس کی نئی قیمت 3,62,600 روپے، جی ایس150 کی قیمت 3,92,900 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح جی ایس ایکس 125 کی قیمت اب 5,04,900 روپے جبکہ جی آر 150 کی قیمت 5,52,900 روپے ہے۔ علاوہ ازیں، اینازوما جی ڈبلیو 250 جے پی کی نئی قیمت 12,52,400 روپے مقرر کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل اٹلس ہونڈا، جو پاکستان کی موٹرسائیکل مارکیٹ کا نصف سے زائد حصہ رکھتی ہے، نے بھی نئے ٹیکسوں کے باعث اپنی بائیکس کی قیمتیں فی یونٹ 2,000 سے 6,000 روپے تک بڑھا دی تھیں۔

