
لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی عمرہ میں صدر مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور افغانستان کی جانب سے اشتعال انگیزی سمیت دیگر امور پر بات چیت کی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔
ملاقات میں افغانستان کی جانب سے اشتعال انگیزی پر بھی بات چیت کی گئی اور پاکستانی افواج کی جانب سے مؤثر اور بھرپور جواب پر پاکستان کی افواج کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
افغان طالبان کی اشتعال انگیزی پر پاک فوج کا بھرپور جواب، درجنوں افغان فوجی ہلاک، پاکستان کیخلاف استعمال ہونیوالا سب سے بڑا کیمپ تباہ
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کے دفاع کے لیے پوری قوم پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے نواز شریف کو اپنے دورہ ملائیشیا سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا اور انہیں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کا نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ملائیشیا دو طرفہ تعلقات خصوصاً اقتصادی تعاون نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے آنے والے دورہ مصر سے متعلق بھی نواز شریف کو بریفنگ دی۔



