سبی اور لورالائی ڈویژن کو ’اے ایریا‘ قرار دے دیا گیا ، نوٹیفکیشن جاری

سبی اور لورالائی ڈویژن کو ’اے ایریا‘ قرار دے دیا گیا — نوٹیفکیشن جاری
🔶 کوئٹہ — بلوچستان حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے سبی اور لورالائی ڈویژن کے تمام ریونیو اضلاع کو باضابطہ طور پر ’اے ایریا‘ قرار دے دیا ہے۔ نوٹیفکیشن محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ان علاقوں میں امن و امان کی ذمہ داری مکمل طور پر بلوچستان پولیس کے سپرد ہوگی۔
🔶 حکم نامہ بلوچستان پولیس ایکٹ 2011 اور بلوچستان لیویز فورس ایکٹ 2025 کے تحت جاری کیا گیا ہے، اور اسے صوبائی کابینہ کی منظوری بھی حاصل ہے۔
🔶 نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سبی اور لورالائی میں لیویز فورس کے تمام اہلکار بشمول سی پیک (CPEC) ونگ کو ان کے موجودہ عہدوں، تنخواہوں اور مراعات کے ساتھ بلوچستان پولیس میں ضم کیا جائے گا، نیز لیویز کے بجٹ، اسلحے، ناکوں، چیک پوسٹس اور تربیتی اداروں سمیت تمام وسائل بھی پولیس کے حوالے کیے جائیں گے۔
🔶 اضافی طور پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر سرکاری اداروں کو مقامی قوانین کے نفاذ میں پولیس نفری فراہم کر سکیں۔
🔶 حکومت نے ہدایت کی ہے کہ یہ منتقلی نوٹیفکیشن کے اجرا کے 30 دن کے اندر مکمل کی جائے۔



