چین نے دنیا کا پہلا خودکار ڈرائیونگ کرنے والا ٹوائلٹ تیار کرلیا
رات کو نیند کے دوران اگر پیشاب آئے تو بیشتر افراد کو اٹھ کر ٹوائلٹ جانا بہت مشکل محسوس ہوتا ہے۔

مگر اب ایسا نہیں ہوگا کیونکہ چین میں ایک کمپنی نے دنیا کا پہلا خودکار ڈرائیونگ ٹوائلٹ تیار کیا ہے جو آپ کے اردگرد گھومے گا۔
یوئی بین نامی کمپنی کے مطابق محض ایک بٹن دبا کر یا وائس کمانڈ کے ذریعے آپ پہیوں پر گھومنے والے ٹوائلٹ کو کسی بھی جگہ لے کر جاسکتے ہیں۔
اسے شیاؤبین کا نام دیا گیا ہے اور یہ ڈیوائس خودکار طور پر اپنی صفائی کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ روبوٹ ٹوائلٹ چین میں 29 ہزار یوآن میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ روبوٹ ٹوائلٹ بنیادی طور پر معمر افراد یا کسی قسم کی معذوری کے شکار افراد کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے، جن کے لیے رات کو ٹوائلٹ جانا بہت مشکل ہوتا ہے۔
اس روبوٹ ٹوائلٹ کو شنگھائی میں ایک ایونٹ کے موقع پر پیش کیا گیا۔
یہ ٹوائلٹ ایک ریموٹ کے ذریعے کام کرتا ہے جبکہ وائس کمانڈز کے ذریعے بھی اسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اس کو ایسے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ آف لائن بھی آواز شناخت کرکے کام کرسکے تاکہ وائی فائی نہ ہونے پر بھی لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
وائس کمانڈ پر یہ ٹوائلٹ اے آئی سسٹم کو استعمال کرکے صارف کی جانب جاتا ہے جبکہ لیڈار اور الٹرا سونک سنسرز کے امتزاج کے باعث راستے میں موجود رکاوٹوں سے ٹکراتا نہیں۔
اس میں ایسا سسٹم بھی ہے جو بو کو پھیلنے نہیں دیتا جبکہ کام مکمل ہونے پر اپنے ڈوکنگ سسٹم سے جڑ کر خود کی صفائی کرتا ہے۔



