کوئٹہ: لیبر اینڈ مین پاور ڈیپارٹمنٹ کا عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اقدام،جدید طبی سہولیات سے آراستہ اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال محکمہ صحت بلوچستان کے حوالے

لیبر اینڈ مین پاور ڈیپارٹمنٹ نے جدید مشینری سے لیس چار اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے حوالے کر دیے
کوئٹہ: لیبر اینڈ مین پاور ڈیپارٹمنٹ نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم اقدام کے تحت جدید طبی سہولیات سے آراستہ اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال حکومت بلوچستان کے محکمہ صحت کے حوالے کر دیے۔ ہسپتالوں کی حوالگی کی تقریب پشین میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین تھے۔
تقریب میں صوبائی وزیر لیبر اینڈ مین پاور غلام رسول عمرانی، رکن صوبائی اسمبلی اصغر ترین، صوبائی وزیر انڈسٹریز سردار کوہیار خان ڈومکی ،سیکریٹری ورکرز ویلفیئر عبدالستار بگٹی سمیت قبائلی عمائدین اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
یہ جدید ہسپتال بلوچستان کے چار پسماندہ علاقوں چمالانگ، پشین، مسلم باغ اور دالبندین میں قائم کیے گئے ہیں، جہاں جدید مشینری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان ہسپتالوں سے متعلقہ علاقوں کے عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
مہمانانِ خصوصی نے اس اقدام کو صوبے میں صحت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مزدوروں اور عام شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔







