سکیورٹی فورسز کا نوشکی میں آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 5 کمانڈرز ہلاک

صوبہ بلوچستان کے علاقہ نوشکی میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ٹارگٹ آپریشن میں فتنہ الہندوستان کے 5 اہم کمانڈرز ہلاک کر دیئے، مارے جانے والے دہشت گرد سیکورٹی فورسز اور پولیس پر حملوں میں ملوث تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خفیہ اطلاع ملی کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے نوشکی میں دہشت گردی کا منصوبہ بنایا ہے اور یہ دہشت گرد حملے کے مقصد کیلئے نوشکی کے نواحی علاقے میں دہشتگردوں کے ٹھکانے میں موجود ہیں۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس اطلاع پر سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے ٹارگٹ آپریشن کیا تو دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کو دیکھ کر جدید خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے اس تبادلے میں فتنہ الہندوستان کے 5 اہم کمانڈرز مارے گئے، سکیورٹی فورسز نے بھاری تعداد میں اسلحہ، راکٹ لانچرز، بم ، دھماکہ خیز مواد اور مواصلاتی آلات قبضے میں لے لیے اور دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مسمار کردیا۔



