ہماری فوج کو غزہ میں ہر رات 30 سے 40 افراد کو ہلاک کرنا چاہیے، اسرائیلی قومی سلامتی مشیر

اسرائیل کے قومی سلامتی مشیر اتمار بن گویر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کو غزہ میں ہر رات 30 سے 40 افراد کو ہلاک کرنا چاہیے۔
اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے ایک انٹرویو میں غزہ کے لوگوں متعلق اشتعال انگیز بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کو غزہ میں ہر رات 30 سے 40 افراد کو ہلاک کرنا چاہیے۔
اتمار بن گویر نے کہا کہ اسرائیلی فوج کو یہ کارروائی صرف خطرے کا سبب بننے والوں تک ہی محدود نہیں رکھنی چاہیے۔
اسرائیلی وزیر کا کہنا تھا کہ غزہ میں کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جو زندہ رہنے کے قابل نہیں، ان لوگوں کو زندہ نہیں رہنا چاہیے، وہ انسان ہی نہیں ہیں۔
اسرائیلی وزیر کے اشتعال انگیز بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی قومی سلامتی وزیر نے غزہ میں قتلِ عام کے لیے یومیہ 30 سے 40 افراد کی حد مقرر کر دی ہے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ صہیونی مجرم بیک وقت فلسطینیوں کی بے دخلی اور یہودی بستیوں کی تعمیر کی بات کر رہا ہے، ان اعترافات کو ثبوت کے طور پر محفوظ اور ان کا ریکارڈ رکھنا چاہیے تاکہ انہیں اسرائیلی مجرموں کے احتساب اور مقدمے کے دن پیش کیا جا سکے۔



