انٹرٹینمنٹ

فلم کالا ہرن کیس: سلمان خان کو عدالت سے فوری ریلیف نہ مل سکا

بھارت: نئی دہلی کی عدالت نے بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کو کالا ہرن فلم کے خلاف دائر مقدمے میں فوری ریلیف دینے سے انکار کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کی عدالت میں جسٹس مادھو جین کی سربراہی میں سلمان خان کی فلم کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔

عدالت میں سلمان خان کے وکیل سینئر ایڈووکیٹ سندیپ سیٹھی نے اداکار کا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ میری زندگی پر فلم بنا رہے ہیں، ان کا کوئی حق نہیں ہے، میں نے انہیں اجازت نہیں دی ہے۔

اداکار کی قانونی ٹیم نے عدالت میں دلیل پیش کی کہ فلمساز تجارتی فائدے کے لیے سلمان خان کے نام، تصویر اور عوامی شناخت کا غلط استعمال کر رہے ہیں، اگرچہ اداکار کا نام براہ راست استعمال نہیں کیا گیا ہے لیکن کہانی اور پیشکش سپراسٹار کی حقیقی زندگی سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔

ایڈووکیٹ سندیپ سیٹھی نے فلم کے ٹریلر سے مخصوص مناظر کی نشاندہی کی اور الزام لگایا کہ مرکزی کردار سلمان خان سے بہت ملتا جلتا ہے اور یہاں تک کہ ان کا مشہور فیروزی نیلے رنگ کا بریسلیٹ پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے، ٹیزر میں بندوق پکڑے ہوئے کردار کو بھی دکھایا گیا ہے جو گمراہ کن اور نقصان دہ ہے جب کہ فلم حقائق کو مسخ کرتی ہے۔

دوسری جانب فلم سازوں کے وکلا فلم کو فوری طور پر بلاک کرنے کے مطالبے سے پیچھے ہٹ گئے، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ مکمل مقدمہ کی بجائے انہیں صرف قانونی کاغذی کارروائی کی ایک جزوی کاپی موصول ہوئی، پروڈکشن ٹیم کو شدید ردعمل کا سامنا ہے اور ٹیم کو فلم کے موضوع پر جان سے مارنے کی سنگین دھمکیاں مل رہی ہیں جس کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی جاچکی ہے۔

سماعت میں عدالت نے اداکار کی قانونی ٹیم کو مقدمہ کے کاغذات اور متعلقہ دستاویزات کی مکمل کاپی فلم سازوں کو دینے کا حکم دیتے ہوئے اداکار کو فوری ریلیف دینے سے انکار کر دیا اور سماعت یکم جولائی تک ملتوی کردی۔

واضح رہے اداکار نے فلم کی ریلیز کو روکنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ یہ ان کے 1998 کے بدنام زمانہ کالے ہرن کے شکار کے کیس اور گینگسٹر لارنس بشنوئی کے ساتھ ان کی مبینہ کشیدگی کی غیر مجاز تصویر کشی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker