شام کے دارالحکومت دمشق کے کیفے میں دھماکا، 5 افراد جاں بحق

شام کے دارالحکومت دمشق میں واقع ایک مصروف کیفے میں بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے ہیں جب کہ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
شام کے سرکاری ٹی وی کے مطابق جمعرات کو دھماکا دمشق کے مرکزی علاقے میں واقع محلِ انصاف (پیلس آف جسٹس) کے قریب ایک کیفے میں ہوا، جو مرکزی عدالت کے مرکزی دروازے سے تقریباً 100 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جہاں عدالت کے ملازمین، مقدمات کے سلسلے میں آنے والے شہری اور دیگر افراد بڑی تعداد میں بیٹھتے ہیں، یہ کیفے دمشق کے وسطی علاقے کے معروف کیفوں میں شمار ہوتا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے سانا نے ایمرجنسی ہیلتھ سروسز کے سربراہ کے حوالے سے بتایا کہ دھماکے میں کم از کم 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ 16 افراد زخمی ہوئے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جائے وقوعہ سے 15 متاثرین کو المجتہد اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں 5 جاں بحق افراد اور 10 زخمی شامل ہیں جب کہ ایک زخمی کو شامی ریڈ کریسنٹ اسپتال منتقل کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ایک شخص کیفے میں داخل ہوا، اس نے ایک میز کے نیچے دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈی) نصب کیا اور وہاں سے نکل گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شبہ ہے حملہ آور کا اگلا ہدف قریبی مرکزی عدالت ہو سکتا تھا تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آور کی شناخت تاحال سامنے نہیں آئی۔



