زمین سے باہر دیگر سیاروں مشتری اور مریخ پر سورج گرہن کا نظارہ کیسے ہوتا ہے؟

زمین پر 12 اگست کو مختلف ممالک میں مکمل سورج گرہن کا خوبصورت نظارہ دیکھنے میں آئے گا۔
مگر صرف زمین ہی ایسا سیارہ نہیں جہاں سورج گرہن کا نظارہ دیکھنے میں آتا ہے بلکہ ایسا دیگر سیاروں پر بھی ہوتا ہے۔
امریکی خلائی ادارے ناسا نے ایسی ہی تصاویر شیئر کی ہیں جن میں ہمارے نظام شمسی کے دیگر 2 سیاروں میں سورج گرہن کو دکھایا گیا ہے۔
یہ مشتری اور مریخ ہیں جن میں سورج گرہن کا منظر کیسا ہوسکتا ہے وہ ناسا نے دکھایا ہے۔
مشتری کے 115 چاند ہیں جن میں گانیمید سب سے بڑا ہے جس کا حجم سیارہ عطارد سے بھی زیادہ ہے۔
اس سے ہٹ کر بھی یورپا، کالیسٹو اور Io وغیرہ قابل ذکر چاند ہیں۔
یہ چاروں چاند ہی سورج گرہن میں زیادہ اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ناسا نے Io کے سورج اور مشتری کے سامنے آنے پر ہونے والے گرہن کی تصویر شیئر کی ہے۔
زمین سے باہر دیگر سیاروں مشتری اور مریخ پر سورج گرہن کا نظارہ کیسے ہوتا ہے؟
یہ تصویر اصل میں 11 ستمبر 2019 میں ناسا کے جونو مشن نے کھینچی تھی۔
ہمارے پڑوسی سیارے مریخ پر ہونے والے سورج گرہن کے نظارہ کی ویڈیو بھی ناسا کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔
مریخ کے 2 چاند ہیں جن میں سے فوبوس زیادہ بڑا ہے اور اس کا رقبہ 14 میل ہے۔
مگر ہمارے چاند کے مقابلے میں یہ بہت چھوٹا ہے تو یہ سورج کو بہت کم چھپا پاتا ہے۔
دوسرا ڈیموس ہے جو فوبوس سے بھی چھوٹا ہے۔
اس ویڈیو میں مریخ کے چاند فوبوس سے ہونے والے سورج گرہن کو دکھایا گیا ہے۔
مریخ کا یہ چاند اتنا بڑا تو نہیں کہ سورج کو مکمل طور پر ڈھانپ لیں مگر وہاں ہونے والے سورج گرہن کا نظارہ ضرور دلچسپ ہوتا ہے۔
آلو کی ساخت کے چاند فوبوس سے ہونے والا سورج گرہن اپریل 2022 کو ہوا تھا۔
اس نظارے کو مریخ پر موجود روور پرسیورینس نے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا۔



