امریکا-ایران مذاکرات اسی ہفتے دوبارہ شروع ہوسکتے ہیں: صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لیے پیش کی گئی تجویز کو مسترد کرنے کے بیان کے محض ایک روز بعد کہا ہے کہ امریکا رواں ہفتے ایران کے ساتھ دوبارہ مذاکرات شروع کر سکتا ہے۔ دوسری جانب قطر سمیت دیگر ثالث ممالک بھی امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات دوبارہ شروع کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم فریقین کے درمیان اہم معاملات پر نمایاں اختلافات اب بھی موجود ہیں۔
امریکی ویب سائٹ ’ایگزیوس‘ کو اتوار کے روز دیے گئے ٹیلی فونک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ امریکی مذاکرات کار اسی ہفتے ایران کے ساتھ دوبارہ بات چیت شروع کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایران مذاکرات میں آبنائے ہرمز اور امریکا کی جانب سے عائد بحری ناکہ بندی کو بنیادی موضوع بنانا چاہتا ہے جب کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران سے جوہری پروگرام سے متعلق یقین دہانیاں حاصل کرنا چاہتی ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’مجھے توقع ہے کہ اس ہفتے ایران کے ساتھ مزید بات چیت ہوگی۔ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم وہ ایسا معاہدہ چاہتا ہے جو مجھے پسند نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایران کی موجودہ پیشکش پر شاید امریکا ایک سال قبل راضی ہو جاتا لیکن اب تہران نے اپنے مطالبات میں حد سے تجاوز کیا ہے۔‘
صدر ٹرمپ سے ایران پر دوبارہ حملے شروع کرنے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’میں ہمیشہ اسی بارے میں سوچتا رہتا ہوں۔‘



