ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کی تیاری مکمل

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی فوج صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم کے بعد 96 گھنٹوں کے اندر ایران کے خلاف نئی اور ممکنہ طور پر بڑے پیمانے کی فوجی کارروائی شروع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سی این این کے مطابق امریکی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مجوزہ کارروائی محدود حملوں تک نہیں رہے گی، جن میں ایرانی ریڈار سسٹم، میزائل لانچرز اور دوبارہ تعمیر کیے جا سکنے والے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جاتا ہے، بلکہ اس کا دائرہ اس سے کہیں زیادہ وسیع ہوسکتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ اور پینٹاگون ایران کے خلاف ممکنہ اہداف کی ایک وسیع فہرست تیار کر رہے ہیں۔ اس میں ایرانی توانائی کے بنیادی ڈھانچے، فوجی تنصیبات اور جوہری مراکز سمیت اہم مقامات شامل ہیں۔
رپورٹ میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ اگر حکم دیا گیا تو کارروائی سال کے اختتام سے پہلے ہوسکتی ہے، لیکن زیادہ امکان امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد کا بتایا گیا ہے۔
امریکی عہدیداروں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ایرانی افواج اب امریکی فوجی حکمت عملیوں سے پہلے کی نسبت زیادہ واقف ہیں، جس سے تمام مطلوبہ اہداف کو تباہ کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ عہدیداروں نے خبردار کیا کہ ماضی میں بھی وہ بعض کارروائیوں کے حق میں دکھائی دیے، لیکن آخری وقت میں ان سے پیچھے ہٹ گئے۔ اس لیے ایران کے خلاف کسی بڑے حملے کو فی الحال حتمی فیصلہ نہیں سمجھا جا سکتا۔



