وزیراعظم شہباز شریف 27 اکتوبر کو متعدی امراض کے اسپتال کا افتتاح کریں گے

وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں قائم متعدی امراض کے اسپتال کا نام پاک چین دوستی سے منسوب کردیا۔ وزیراعظم شہبازشریف 27 اکتوبر کو افتتاح کریں گے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے نمائندہ خصوصی سماء سے گفتگو میں مارگلہ اسپتال کا نام پاک چائنا فرینڈ شپ اسپتال رکھنے کی تصدیق کی اور بتایا کہ چک شہزاد میں قائم اسپتال کا نام وزیراعظم کی ہدایت پر تبدیل کیا ہے۔
ڈھائی سو بستروں پر مشتمل یہ اسپتال کورونا وبا کے دوران 2020 میں چین نے بناکر دیا تھا مگر تب سے 2025 تک یہ اسپتال غیر فعال رہا۔
مصطفیٰ کمال کے مطابق اس اسپتال کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے حوالے کیا گیا اور اب تزئین و آرائش کے بعد فعال کیا جارہا ہے۔ اسپتال میں زچہ بچہ پانچ بڑے شعبے اور جدید آپریشن تھیٹر موجود ہیں۔ اس اسپتال میں مریضوں کا مفت علاج ہوگا۔



