انٹرنیشنل

عرب ممالک نے یمنی حوثیوں سے نمٹنے کے لیے 4 نکاتی منصوبہ تیار کرلیا

یمنی حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کو مسلسل میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنائے جانے کے تناظر میں عرب ممالک کی مشترکہ پارلیمنٹ نے حوثیوں کے خلاف سیاسی، اقتصادی، قانونی اور سفارتی محاذوں پر ایک جامع لائحہ عمل تشکیل دے دیا ہے تاکہ خطے میں ان کی سرگرمیوں کا مؤثر سد باب کیا جا سکے۔

عرب پارلیمنٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس جامع منصوبے کا بنیادی مقصد حوثی ملیشیا کو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مکمل طور پر تنہا کرنا اور ان کی عسکری کارروائیوں کو روکنا ہے۔

خبر رساں ادارے ’العریبیہ‘ کے مطابق، عرب پارلیمنٹ کے اس منصوبے کے تحت حوثیوں کو ملنے والی مالی اعانت اور اسلحے کی ترسیل کے راستوں کو مکمل طور پر بند کرنے کے لیے چار جہتی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔

پہلے مرحلے میں سفارتی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے دنیا کی اہم دارالحکومتوں اور عالمی طاقتوں کے ساتھ رابطے کیے جائیں گے تاکہ انہیں حوثیوں کی جارحانہ کارروائیوں سے آگاہ کیا جا سکے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں عرب موقف کے لیے سفارتی حمایت حاصل کی جا سکے۔

اس سفارتی مہم کا مقصد عالمی برادری کو حوثیوں کے احتساب اور ان کے مالی و عسکری ذرائع مسدود کرنے پر قائل کرنا ہے۔

منصوبے کے دوسرے مرحلے میں سیاسی اور سیکیورٹی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں گے جن کا مقصد بین الاقوامی اداروں اور ممالک سے حوثیوں کو باضابطہ طور پر دہشت گرد جنگجو ملیشیا قرار دلوایا جانا ہے۔

اس سلسلے میں خاص طور پر یورپی یونین کی قیادت، بشمول یورپی پارلیمنٹ کی صدر رابرٹا میٹسولہ اور خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس سے ملاقاتیں کی جائیں گی تاکہ یورپی یونین کی سطح پر حوثیوں کو دہشت گرد قرار دینے کا عمل مکمل کیا جا سکے اور ان کے رہنماؤں اور وابستہ اداروں کے خلاف سفارتی و مالی پابندیاں عائد کی جا سکیں۔

حکمت عملی کے تیسرے حصے کے تحت قانونی اور عدالتی راستے کا انتخاب کیا گیا ہے، جس کے تحت بین الاقوامی احتسابی اداروں اور عدالتوں کے میکانزم کو استعمال کرتے ہوئے حوثیوں کے جنگی جرائم کے دستاویزی ثبوت جمع کیے جائیں گے۔

عرب پارلیمنٹ کا مؤقف ہے کہ حوثیوں کی مجرمانہ کارروائیاں بین الاقوامی فوجداری عدالت کے دائرہ اختیار میں آتی ہیں، اس لیے ان شواہد کو بین الاقوامی عدالتوں میں پیش کر کے ذمہ داران کا قانونی احتساب یقینی بنایا جائے گا۔

چوتھے اور آخری مرحلے میں اقتصادی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تعاون حاصل کیا جائے گا۔

اس حوالے سے سعودی عرب کے مشیر اور ریاض میں بین الاقوامی قانون کے انسٹی ٹیوٹ کے پروفیسر ڈاکٹر اسامہ العبیدی نے عرب پارلیمنٹ کے اس لائحہ عمل کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے درست سمت میں اٹھایا گیا ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ حوثیوں کی یہ کارروائیاں نہ صرف سعودی عرب بلکہ پوری عرب دنیا کی قومی سلامتی، علاقائی استحکام اور عالمی بحری جہاز رانی کے لیے بھی شدید خطرہ بنی ہوئی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker