ایک شناختی کارڈ پروائس سمزکی تعداد 5 سے کم کر کے 3 کرنے پر غور شروع
ایک شناختی کارڈ پر موبائل فون وائس سمز کی تعداد پانچ سے کم کرکے تین کرنے پر غور شروع کردیا گیا، پی ٹی اے ڈیٹا سمز کی حد بڑھانے کی بھی خواہاں ہے، حتمی فیصلہ موبائل فون کمپنیوں کی مشاورت سے ہوگا۔

ایک شناختی کارڈ پر موبائل فون سمز کے اجرا کی مقررہ تعداد پر نظرثانی کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔ پی ٹی اے حکام کے مطابق ایک شناختی کارڈ پر پانچ کے بجائے صرف تین وائس سمز کی اجازت دینے کی تجویز زیر غور ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ سائبر جرائم میں سمز کے غلط استعمال کی روک تھام کیلئے وائس سمز کی تعداد کم کرنے کی ضرورت ہے۔ عمومی طور پر ایک صارف بیک وقت دو سے تین وائس سمز ہی استعمال کرتا ہے، جبکہ زیادہ تعداد میں سمز کے اجرا سے ان کے غلط استعمال کے امکانات بڑھتے ہیں۔پی ٹی اے حکام کے مطابق ایک شناختی کارڈ پر ڈیٹا سمز کی تعداد تین سے بڑھانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ فائیو جی سروسز کے آغاز کے بعد انٹرنیٹ آف تھنگز یعنی آئی او ٹی سروسز کیلئے ڈیٹا سمز کی زیادہ تعداد میں ضرورت پیش آئے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ سمز کی تعداد میں ردوبدل کا فیصلہ موبائل فون کمپنیوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ عدالتی فیصلے کے تحت اس وقت ایک شناختی کارڈ پر مجموعی طور پر آٹھ سمز جاری کرنے کی اجازت ہے، جن میں پانچ وائس اور تین ڈیٹا سمز شامل ہیں۔



