پاکستان

پنجاب حکومت کے ’گلف اسٹریم‘ طیارے کا آپریشنل کنٹرول پاک فضائیہ کے سپرد کرنے کی منظوری

لاہور: پنجاب کابینہ نے صوبائی حکومت کے طیارے ’گلف اسٹریم جی-500‘ کا آپریشنل کنٹرول اور دیکھ بھال کی ذمہ داری پاک فضائیہ کو سونپنے کی منظوری دے دی ہے۔

اس حوالے سے سامنے آنے والی دستاویزات کے مطابق یہ فیصلہ پنجاب حکومت کے وی آئی پی فلائٹ ونگ کی محدود تکنیکی صلاحیت کے باعث کیا گیا۔ دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ گلف اسٹریم طیارے کے جدید اور پیچیدہ نظام کو چلانے اور اس کی دیکھ بھال کے لیے خصوصی تکنیکی مہارت، تربیت یافتہ عملے اور جدید سہولتوں کی ضرورت ہے، جبکہ پاک فضائیہ کے پاس یہ صلاحیت موجود ہے۔

دستاویزات کے مطابق کابینہ نے پنجاب حکومت کے طیارے کی پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) سے ڈی رجسٹریشن اور پاک فضائیہ کی جانب سے اسے ٹیل نمبر الاٹ کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ پاک فضائیہ کے تین حاضر سروس پائلٹس کی خدمات ڈیپوٹیشن پر پنجاب حکومت کے حوالے کی گئی ہیں۔ یہ پائلٹس صوبائی حکومت کے پائلٹس کے ساتھ مل کر طیارے کی پروازوں کے امور انجام دیں گے۔

دستاویز کے مطابق پنجاب حکومت کے وی آئی پی فلائٹ ونگ نے طیارے کا آپریشنل کنٹرول اور دیکھ بھال کی ذمہ داری پاک فضائیہ کو منتقل کرنے کے لیے مشاورت کی تھی۔ اس کا مقصد طیارے کی محفوظ پرواز، مسلسل آپریشنل تیاری اور چوبیس گھنٹے دستیابی یقینی بنانا ہے۔

اس سلسلے میں پنجاب حکومت اور پاک فضائیہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے مسودے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ کابینہ نے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (ایس اینڈ جی اے ڈی) کے ایڈیشنل سیکریٹری (ویلفیئر) کو پنجاب حکومت کی جانب سے اس یادداشت پر دستخط کرنے کا اختیار بھی دیا ہے۔

مفاہمتی یادداشت میں طیارے کی دیکھ بھال، تکنیکی امور اور مالی انتظامات سے متعلق معاملات شامل ہیں۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے اس معاملے پر اپنا مؤقف نہیں دیا۔

طیارے کے استعمال پر بحث

اس سے قبل ستمبر 2026 میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن جانے پر سرکاری طیارے کے استعمال کا معاملہ زیر بحث آیا تھا۔

مریم نواز نے طیارے کے استعمال کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ 9 ارب روپے کے طیارے پر بہت شور مچایا جا رہا ہے۔ یہ ان کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ وزیراعلیٰ کے دفتر کا طیارہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ لندن کے اس سفر کے لیے طیارے کے اخراجات، 2 کروڑ 75 لاکھ روپے، انہوں نے اپنی جیب سے ادا کیے ہیں۔

طیارے کی خریداری کا پس منظر

پنجاب حکومت کے گلف اسٹریم G500 طیارے کی خریداری کی خبریں رواں سال سامنے آئی تھیں اور فروری میں میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ حکومتِ پنجاب نے یہ طیارہ تقریباً 10 ارب روپے میں خریدا ہے۔

انگریزی اخبار دی نیوز نے فروری میں رپورٹ کیا تھا کہ یہ طیارہ سات سال پرانا ہے جو 28 دسمبر 2025 کو لاہور پہنچا تھا اور اس نے چھ فروری 2026 کو لاہور سے ملتان کے لیے پہلی مقامی پرواز کی تھی۔

طیارے کی خریداری سے متعلق پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ صوبائی حکومت ’ایئر پنجاب‘ کے لیے مختلف طیاروں کا بیڑا تیار کر رہی ہے اور یہ جیٹ اسی منصوبے کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق کچھ طیارے خریدے جائیں گے جبکہ بعض لیز پر حاصل کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے فروری 2026 میں ہی گلف اسٹریم طیارے کے آپریشنل اخراجات کے لیے 86 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد کی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی تھی، جس میں ایندھن، دیکھ بھال، انشورنس اور امریکا میں پائلٹس و انجینئرز کی لازمی تربیت کے اخراجات شامل تھے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق یہ طیارہ فی گھنٹہ تقریباً 2 ہزار 100 لیٹر ایندھن استعمال کرتا ہے جو اس سے پہلے استعمال ہونے والے ہاکر طیارے کے مقابلے میں تقریباً دوگنا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker