شہری اپنی نادرا بائیو میٹرک ہسٹری پر خود نظر رکھیں، لیکن کیسے؟

اسلام آباد : کسی بھی سرکاری یا غیر سرکاری ادارے میں جانے سے پہلے اس بات کو لازمی مدنظر رکھیں کہ اپنی بائیو میٹرک تصدیق کیلیے کیا کرنا ضروری ہے۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے تمام شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی بائیو میٹرک معلومات کے تحفظ کے لیے پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں بائیو میٹرک کنسینٹ فیچر فوری فعال کریں کیونکہ کسی بھی بینک، پاسپورٹ آفس، سم فرنچائز یا کسی بھی ایسے ادارے میں جانے سے پہلے بائیو میٹرک تصدیق لازمی امر ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری عوامی اطلاع میں کہا گیا ہے کہ پاک آئی ڈی ایپ میں بائیو میٹرک ویریفکیشن سروس فعال ہونے کی صورت میں صارفین اپنی انگلیوں کے نشانات کے استعمال پر مکمل کنٹرول حاصل کر سکتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق اگر کوئی فرد غیر ضروری تاخیر، دشواری یا فراڈ سے بچنا چاہتا ہے تو اسے پاک آئی ڈی ایپ میں بائیومیٹرک کنسینٹ کی سہولت لازمی فعال کرنی چاہیے۔
نادرا نے واضح کیا ہے کہ بائیومیٹرک تصدیق کی اجازت کسی بھی وقت دی یا واپس لی جا سکتی ہے۔
نادرا کے مطابق شہری پاک آئی ڈی ایپ میں لاگ اِن کرنے کے بعد بائیومیٹرک کنسینٹ کے آپشن پر جا کر اسے فعال کر سکتے ہیں، جبکہ ایپ کے ذریعے ہسٹری بھی چیک کی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ ادارے نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ اپنی نجی نوعیت کی معلومات کے غلط استعمال سے بچنے کے لیے فوری طور پر یہ سہولت استعمال کریں۔



