اصلاحات کا سفر جاری رہے گا، معاشی ثمرات ہر شہری تک پہنچائیں گے، وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اصلاحات کا سفر جاری رہے گا اور معاشی ثمرات ہر شہری تک پہنچائیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی کے مختلف اراکین نے ملاقات کی۔ جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال سمیت آئندہ حکومتی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اراکین قومی اسمبلی نے متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں مختلف طبقات، خصوصاً تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے معاشی استحکام کو پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا گیا ہے۔ جبکہ ٹیکس رعایتوں سے سرمایہ کاری میں اضافہ اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پائیدار معاشی نمو کے ذریعے نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: لیک مبینہ آڈیو پرحکومت متحرک، کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کیخلاف تحقیقات کا اعلان
وزیر اعظم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ معاشی استحکام کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ تاکہ ملک کو مضبوط اور پائیدار ترقی کی جانب لے جایا جا سکے۔



