پاکستان
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، دہشت گرد حملے کی سازش ناکام

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں کارروائی کرتے ہوئے ممکنہ دہشت گرد حملے کی سازش ناکام بنا دی اور کارروائی کے دوران دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی پکڑ لی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گاڑی ممکنہ دہشت گرد حملے میں استعمال کے لیے تیار کی گئی تھی جس سے 100 کلوگرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں عزمِ استحکام وژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔



