صحت

آپ کی وہ پسندیدہ غذائیں جو گیس اور پیٹ پھولنے کا شکار بنا دیتی ہیں

اکثر کھانا کھانے کے بعد ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پیٹ بہت زیادہ پھول گیا ہے۔

یہ ایک بہت عام طبی مسئلہ ہے اور 30 فیصد افراد کو اکثر اس تجربے کا سامنا ہوتا ہے۔

بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ پیٹ پھولنا کسی بیماری کی علامت ہوتا ہے، عموماً اس کی وجہ اضافی گیس، نظام ہاضمہ کے مسائل یا غذائی عناصر ہوتے ہیں۔

مخصوص غذائیں بھی اس حوالے سے کردار ادا کرتی ہیں کیونکہ وہ اکثر مشکل سے جذب ہوتی ہیں۔

ان میں سے زیادہ تر غذائیں کاربوہائیڈریٹس، چینی، فائبر اور سوڈیم یا نمک پر مشتمل ہوتی ہیں۔

گوبھی یا اس کی دیگر اقسام

گوبھی اور اس کی دیگر اقسام صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ہوتی ہیں۔

مگر ان میں شکر کی ایک مخصوص قسم raffinose موجود ہوتی ہے جو پیٹ پھولنے کا باعث بنتی ہے۔

سیب

سیب فائبر سے بھرپور پھل ہے جبکہ اس میں شکر کی ایسی مخصوص اقسام موجود ہوتی ہیں جو معدے میں آسانی سے جذب نہیں ہوتیں۔

یہی وجہ ہے کہ کچھ افراد کو سیب کھانے کے بعد پیٹ پھولنے کے مسئلے کا سامنا ہوتا ہے۔

دودھ یا اس سے بنی مصنوعات

دودھ یا اس سے بنی اشیا میں لیکٹوز نامی شکر کی ایک قسم موجود ہوتی ہے۔

یہ شکر غذائی نالی میں آسانی سے ہضم نہیں ہوتی جس کے نتیجے میں اضافی گیس بنتی ہے اور پیٹ پھول جاتا ہے۔

بیج

لوبیا یا ایسے ہی دیگر بیجوں کا استعمال بھی پیٹ پھولنے کا شکار بنا سکتا ہے۔

ویسے تو یہ صحت کے لیے بہت مفید ہوتے ہیں مگر ان میں موجود فائبر اور کاربوہائیڈریٹس جسم مختلف طریقے سے جذب کرتا ہے جس سے غذائی نالی میں اضافی گیس بنتی ہے۔

میٹھے مشروبات

میٹھے مشروبات جیسے سافٹ ڈرنکس کا استعمال بھی پیٹ پھولنے کا شکار بناتا ہے۔

ان مشروبات کو پینے سے اکثر اضافی ہوا جسم کے اندر جاتی ہے جس سے گیس اور پیٹ پھولنے کا سامنا ہوتا ہے۔

پیاز اور لہسن

پیاز اور لہسن دونوں فائبر اور fructansسے بھرپور ہوتے ہیں جو آسانی سے ہضم نہیں ہوتے اور پیٹ پھول جاتا ہے۔

تربوز

یہ مزیدار پھل بھی پیٹ پھولنے کا شکار بنا سکتا ہے۔

اس پھل میں فریکٹوز کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے  اور شکر کی یہ قسم آسانی سے ہضم نہیں ہوتی اور پیٹ پھول جاتا ہے۔

نمکین غذائیں

زیادہ نمک والی غذائیں جیسے الٹرا پراسیس فوڈز کے استعمال سے جسم میں سیال جمع ہوتا ہے۔

سیال جمع ہونے کا نتیجہ پیٹ پھولنے کی شکل میں نکلتا ہے۔

دالیں

دالوں میں فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے اور اسی وجہ سے انہیں کھانے سے کچھ افراد کو پیٹ پھولنے کے مسئلے کا سامنا ہوسکتا ہے۔

اس کے علاوہ دالوں میں شکر کی مخصوص اقسام بھی موجود ہوتی ہیں جو اضافی گیس بنانے کا باعث بنتی ہیں۔

جو کا دلیہ

جو کا دلیہ بھی صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ہوتا ہے۔

مگر اس میں بھی فائبر کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو چند افراد میں پیٹ پھولنے کا باعث بنتی ہے۔

اس کے علاوہ جو کا دلیہ گلوٹین سے بھی لیس ہوتا ہے اور جو افراد اس غذائی جز کو ہضم نہیں کر پاتے ان کو بھی پیٹ پھولنے کے مسئلے کا سامنا ہوتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker