پاکستان

اسلام آباد کو ملک کا پہلا سمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ، شہریوں کیلئے نئی سہولیات کی تفصیل بتادی گئی

حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو ملک کا پہلا سمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کو ملک کا پہلا پائلٹ اسمارٹ سٹی بنانے کی ہدایت دے دی، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے بتایا ہے کہ منصوبے کے تحت وفاقی دارالحکومت کے تمام پبلک سکولز، بنیادی مراکز صحت اور پولیس اسٹیشنز کو آئندہ 6 تا 8 ماہ میں فائبر آپٹک نیٹ ورک سے جوڑ دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں آئی ٹی منصوبوں سے متعلق میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت نے تمام ضروری فنڈز جاری کر دیئے ہیں تاکہ صحت، تعلیم اور سیکیورٹی کے شعبے اسمارٹ کنیکٹیویٹی سے جڑ سکیں، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت میٹرو بس اسٹیشنز، عوامی مقامات اور پارکس میں مفت وائی فائی سروس بھی فراہم کی جا رہی ہے، اس ماڈل کو گلگت بلتستان اور دیگر پسماندہ علاقوں تک وسعت دی جائے گی۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ اسلام آباد کا کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے، وزارت تعلیم مکمل تعاون کر رہی ہے اور ایڈ ٹیک کے ذریعے دور دراز علاقوں میں تعلیمی سہولیات پہنچائی جائیں گی، وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر نصاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو شامل کرنے کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، حکومت کا ہدف ہے کہ 5 لاکھ نوجوانوں کو جدید آئی ٹی سکلز کی تربیت دی جائے، 2 لاکھ بچوں کو گوگل، 3 لاکھ کو ہواوے اور 2 لاکھ کو مائیکروسافٹ کے اشتراک سے تربیت دی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ وزارت صحت کے اشتراک سے “ون پیشنٹ، ون آئی ڈی” منصوبے پر کام جاری ہے، ٹیلی میڈیسن کے ذریعے تمام بی ایچ یوز کو انٹرنیٹ سے منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ دور دراز علاقوں میں بھی آن لائن ماہر ڈاکٹروں سے مشاورت کی سہولت دستیاب ہو، اس پورے عمل کا مقصد پاکستان کی آئی ٹی افرادی قوت کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرنا ہے اور ملک بھر میں ڈیجیٹل انقلاب لانا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker