مستونگ کمسن بچی گھر کے ٹیوب ویل میں گر گئی، تین روز گزرنے کے باوجود ریسکیو نہ کیا جا سکا۔

مستونگ کمسن بچی گھر کے ٹیوب ویل میں گر گئی، تین روز گزرنے کے باوجود ریسکیو نہ کیا جا سکا۔
مستونگ//ضلع مستونگ کے علاقے کلی خواصام میں ایک کمسن بچی گھر کے ٹیوب ویل میں گر گئی، جسے واقعے کو تقریباً تین روز گزرنے کے باوجود تاحال ریسکیو نہیں کیا جا سکا۔
مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت بچی کو ٹیوب ویل سے نکالنے کی بھرپور کوششیں کیں، تاہم محدود وسائل اور دشوار صورتحال کے باعث کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں۔
بچی کے والدین نے کمشنر قلات ڈویژن، ڈپٹی کمشنر مستونگ اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ریسکیو آپریشن شروع کیا جائے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر بچی کو ٹیوب ویل سے بحفاظت نکالا جائے۔
والدین کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین روز سے وہ شدید کرب اور اذیت میں مبتلا ہیں اور ہر لمحہ انتہائی تشویش میں گزر رہا ہے۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ مزید تاخیر کے بغیر ماہر ریسکیو ٹیمیں اور ضروری مشینری موقع پر پہنچائی جائے تاکہ بچی کو جلد از جلد نکالنے کی کوشش کی جا سکے۔
علاقہ مکینوں نے بھی متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی سنگینی کے پیش نظر ریسکیو آپریشن کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جائیں۔



