اب شہری گھر بیٹھے گاڑی ٹرانسفر کراسکیں گے!

اسلام آباد : گاڑی مالکان کی بڑی مشکل آسان ہوگئی ، اب شہری ای ٹی بی ویب پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے گاڑی ٹرانسفر کراسکیں گے۔
محکمہ ایکسائز اسلام آباد کے اہم جائزہ اجلاس میں گاڑیوں کی ملکیت کی منتقلی کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈی جی ایکسائز عرفان میمن کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ڈائریکٹر ایکسائز سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محکمہ ایکسائز کی گزشتہ 15 روزہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں گاڑیوں کی اونرشپ ٹرانسفر کے موجودہ طریقہ کار پر غور کیا گیا اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اسے مزید آسان بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر ای ٹی بی ویب پورٹل کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے اپنی گاڑیوں کی ملکیت منتقل کر سکیں گے۔
اجلاس میں اسلام آباد میں رجسٹرڈ گاڑیوں اور ٹوکن ٹیکس کی وصولی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ روڈ ٹریفک خلاف ورزیوں پر عائد جرمانوں کی آن لائن ادائیگی کے نظام پر بھی غور کیا گیا۔
مزید برآں، مختلف ناکہ جات پر افسران کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں کا فرداً فرداً جائزہ لیا گیا۔
ڈی جی ایکسائز عرفان میمن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ گاڑیوں کی منتقلی کے عمل کو مزید سہل بنایا جائے اور ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والے نادہندگان کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے۔



