
پشاور: محکمہ پولیس خیبرپختونخوا نے صوبائی حکومت سے شہدا پیکج میں اضافہ کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ پولیس نے شہدا پیکج میں اضافے سے متعلق سفارشات تیار کرکے سمری محکمہ داخلہ کو ارسال کردی جس میں کہا گیا ہے کہ دیگر صوبوں کے مقابلے کے پی پولیس کے شہدا اور زخمیوں کا پیکج کم ہے، پولیس اہلکاروں کا مورال بڑھانےکیلئے شہدا پیکج میں اضافہ ضروری ہے۔
محکمہ پولیس کی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ انسپکٹر تک شہید پولیس اہلکاروں کا شہدا پیکج ایک کروڑ 10 لاکھ روپے تک بڑھایاجائے، شہیدکانسٹیبل کے ورثاء کو 5 مرلے اور شہید انسپکٹرکے ورثا کو7 مرلہ پلاٹ دیے جائیں، شہید ڈی ایس پی اور اے ایس پی کےورثا کو ایک کروڑ 60 لاکھ روپے معاوضہ دیاجائے جب کہ ورثاء کیلئے 10 مرلہ پلاٹ دینےکی سفارش بھی کی گئی ہے۔
دستاویزات میں کہا گیا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی ہر بیٹی کی شادی پر8 لاکھ روپے برائیڈل گفٹ ورثاء کو دیاجائے، دہشتگردی میں پولیس اہلکاروں کےگھر،گاڑی یا دیگر اثاثوں کے نقصان کامعاوضہ دیاجائے، ڈیوٹی یا دہشتگردواقعہ میں پولیس اہلکار کےہمراہ زخمی یا شہید رشتے دارکو بھی معاوضہ دیاجائے، متاثرہ پولیس اہلکار کی بیوی بچوں کو 50 لاکھ، والدین اور بہن بھائی کو 30 لاکھ دیے جائیں۔
محکمہ پولیس کی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ گریڈ 18 تا 22 شہید پولیس افسران کےلواحقین کیلئے 2 کروڑ10لاکھ روپےکاشہدا پیکج رکھا جائے، اس کے علاوہ گریڈ 18 سے 22 تک شہید پولیس افسران کے لواحقین کو ایک کنال پلاٹ دینےکی سفارش بھی کی گئی ہے۔



