نیتن یاہو کا ٹرمپ پر ایران جنگ دوبارہ شروع کرنے کا دباؤ، موساد کے سربراہ امریکا پہنچ گئے: ایگزیوس

امریکی نیوز ویب سائٹ ‘ایگزیوس’ کے مطابق اسرائیلی خفیہ ایجنسی ‘موساد’ کے ڈائریکٹر ایران جنگ کے معاملے پر ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے بات چیت کے لیے واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہونے والے موساد کے سربراہ رومن گوفمین کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے کے لیے مسلسل دباؤ ڈال رہے ہیں۔
ایگزیوس نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ رومن گوفمین امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف سے ملاقات کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق توقع ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف سے ملاقات کے لیے میامی بھی جائیں گے تاہم موساد، سی آئی اے اور وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
ایک امریکی عہدیدار کے مطابق صدر ٹرمپ اب تک جنگ دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے نیتن یاہو کا دباؤ مسترد کرتے آئے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے 5 نومبر کو ہونے والے ایک ٹیلیفونک رابطے میں ایران جنگ پر تبادلہ خیال کیا تھا تاہم دوبارہ جنگ شروع کرنے کے بجائے امریکی صدر نے ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی اور اقتصادی دباؤ جاری رکھنے کی حمایت کی ہے۔



