چین کے جدید ترین اسٹیلتھ حملہ آور ڈرون کی نئی ویڈیو اور تفصیلات سامنے آگئیں

چین کے جدید ترین GJ-11 اسٹیلتھ حملہ آور ڈرون کی نئی ویڈیو اور تفصیلات سامنے آگئیں۔
چینی میڈیا کے مطابق چینی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی فضائیہ نے ’شوانلونگ‘ کے خفیہ نام سے جانے جانے والے اپنے جدید ترین GJ-11 اسٹیلتھ ڈرون کی نئی ویڈیو جاری کر دی ہے۔
واضح رہے کہ نومبر 2025 میں پی ایل اے ایئر فورس نے اعلان کیا تھا کہ چین کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ یہ فلائنگ ونگ اسٹیلتھ ڈرون باقاعدہ طور پر سروس میں شامل ہو چکا ہے۔
اس جدید ڈرون کے اوپری حصے میں ائیر انٹیکس جبکہ نچلے حصے میں ہتھیاروں کے اندرونی خانے موجود ہیں۔
یہ ڈرون کئی اقسام کے فضا سے زمین پر مار کرنے والے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اعلیٰ درجے کی اسٹیلتھ خصوصیات، طویل پرواز اور انتہائی درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔
یہ فضائی حملوں اور دشمن کے فضائی دفاعی نظام کو تباہ کرنے سمیت مختلف مشنز انجام دے سکتا ہے۔
جاری کردہ فوٹیج میں اس کے جیٹ نوزل، کم لو وزیبلٹی کوٹنگ اور ڈرون کے اگلے حصے میں نصب ایک جدید آپٹیکل ونڈو کو بھی دکھایا گیا ہے جو چین کے جدید ترین J-20 اسٹیلتھ لڑاکا طیارے پر نصب جدید الیکٹرو آپٹیکل ٹارگٹنگ سسٹم سے مشابہت رکھتی ہے۔
گزشتہ دنوں سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق GJ-11 کو ایک اور ڈرون کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ آپریٹ کیا گیا جبکہ یہ ڈرون پالئٹ کے حامل طیاروں کے ساتھ مل کر بھی مربوط کارروائیاں کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
چینی سرکاری نشریاتی ادارے ‘سی سی ٹی وی’ کی رپورٹ کے مطابق ’یہ ڈرونز انسان بردار لڑاکا طیاروں کی آنکھوں کے طور پر کام کر سکتے ہیں اور دشمن کے فضائی دفاعی نظام کی نشاندہی کے لیے ایڈوانس ریکی کر سکتے ہیں‘۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ’یہ دشمن کی فائرنگ کو اپنی طرف متوجہ کرنے اور ان کے ٹھکانوں کو بے نقاب کرنے کے لیے ڈی کوئے کے طور پر بھی استعمال ہو سکتے ہیں یا انسان بردار طیاروں کی رہنمائی میں گائیڈڈ میزائل داغنے کے لیے ہتھیاروں کے پلیٹ فارم کے طور پر بھی کام کرسکتے ہیں‘۔



