آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں میں بارش اور برفباری کا امکان، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ممکنہ بارش اور برفباری کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم خضدار، لسبیلہ اور بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
الرٹ میں کراچی اور ملیر سمیت سندھ کے جنوبی علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو بالائی اور پہاڑی علاقوں کا سفر کرتے ہوئے احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ادارے کے مطابق برفباری کے دوران گاڑی چلانے سے گریز کیا جائے، جبکہ ناگزیر سفر کی صورت میں حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
این ڈی ایم اے نے پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے سے پہلے موسمی صورتحال اور راستوں کی تازہ صورت حال معلوم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ راستوں کی بندش کی صورت میں شہری ٹریفک پولیس اور متعلقہ اداروں سے تعاون کریں۔



