چاغی میں تانبے اور سونے کے نئے ذخائر دریافت

بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے اور سونے کے نئے اور اہم ذخائر دریافت کر لیے گئے ہیں۔
ماڑی انرجیز کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کیے گئے ایک باضابطہ خط میں بتایا گیا ہے کہ اس کی ذیلی کمپنی ماڑی منرلز نے ضلع چاغی میں 50 کلومیٹر کے فاصلے پر تلاش کے عمل کے دوران قیمتی معدنیات کے یہ ذخائر دریافت کیے ہیں۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو دی گئی معلومات کے مطابق ماڑی منرلز نے متعلقہ علاقے میں 25 ہزار میٹر تک ڈرلنگ کا کام کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔
کمپنی کے خط میں واضح کیا گیا ہے کہ دریافت ہونے والی یہ قیمتی معدنیات 1.4 مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلی ہوئی ہیں، جو ملک کے معدنی وسائل کے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
ماڑی انرجیز نے مزید آگاہ کیا ہے کہ ذخائر کے حجم اور معیار کا مزید درست اندازہ لگانے کے لیے ضلع چاغی کے اس علاقے میں مزید 1000 میٹر گہرائی تک ڈرلنگ کی جائے گی۔
کمپنی کے مطابق جاری کھدائی اور اس دریافت کے حوالے سے مزید تفصیلی نتائج 2027 کی پہلی سہ ماہی میں سامنے آنے کی توقع ہے، جس کے بعد منصوبے کے آئندہ مراحل کا تعین کیا جائے گا۔



