بلوچستان
مستونگ میں دہشتگردوں کا کنڈاوا پوسٹ پر حملہ ناکام، 3 دہشتگرد ہلاک، 2 شہری شہید

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ این-25 پر کنڈاوا پوسٹ کو بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دی، جوابی کارروائی میں تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ دھماکے کے نتیجے میں دو شہری شہید اور تین ایف سی اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان محکمہ پولیس بلوچستان کے مطابق دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے کنڈاوا پوسٹ پر حملے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے بڑے حملے کے عزائم ناکام بنا دیے۔
دھماکے کی شدت سے قریبی مکانات اور ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے میں شہید ہونے والے شہریوں کی شناخت کلیم اللہ ولد عبداللہ اور بی بی لائبہ دختر دل مراد کے نام سے ہوئی ہے۔



