سائنس اور ٹیکنالوجی

واٹس ایپ کا نیا فیچر جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے تھے

واٹس ایپ نے اگست 2021 میں تصاویر اور ویڈیوز کی پرائیویسی اور ایپ کی میموری کو بچانے کیلئے 'ویو ونس' کا فیچر متعارف کرایا تھا۔

اس فیچر کے تحت بھیجی جانیوالی تصویر یا ویڈیو ایک بار کھلنے کے بعد چیٹ سے مکمل طور پر غائب ہوجاتی ہے۔

مگر اب اس کو بہتر بنایا جارہا ہے اور ٹیکسٹ میسجز کو بھی اس فیچر کا حصہ بنایا جارہا ہے۔

میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo کے مطابق اینڈرائیڈ ایپ کے نئے بیٹا (beta) ورژن میں صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرایا گیا۔

اب بیٹا صارفین ایسے ٹیکسٹ میسجز بھیج سکیں گے جو ایک بار دیکھے جانے کے بعد غائب ہو جائیں گے۔

اس فیچر سے صارفین کو حساس معلومات جیسے پاس ورڈ یا کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات وغیرہ شیئر کرنے کا موقع ملے گا اور لیک ہونے کا خطرہ بھی نہیں ہوگا۔

درحقیقت جب ویو ونس فیچر متعارف کرایا گیا تھا تو کمپنی نے کہا تھا کہ اس فیچر کو وائی فائی لاگ ان تفصیلات یا دیگر حساس تفصیلات کی تصاویر شیئر کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

واٹس ایپ میں پہلے ہی ڈس اپیئرنگ میسجز کا فیچر موجود ہے جس میں ٹیکسٹ میسج مخصوص وقت کے بعد غائب ہوجاتا ہے۔

مگر ویو ونس کا نیا فیچر مکمل چیٹ کی بجائے کسی ایک مخصوص میسج کے لیے استعمال کیا جاسکے گا جو ایک بار دیکھے جانے کے بعد غائب ہوجائے گا۔

رپورٹ کے مطابق دوسرا فرد جب بھی اسے اوپن کرکے ایک بار پڑھے گا تو اس کے بعد وہ میسج خودکار طور پر غائب ہو جائے گا۔

اس میسج کو کاپی، فارورڈ یا سیو کرنا ممکن نہیں ہوگا جبکہ اسکرین شاٹ بھی نہیں لیے جاسکیں گے۔

متعدد صارفین کی جانب سے ٹیکسٹ میسجز کے لیے ویو ونس آپشن کا مطالبہ کافی عرصے سے کیا جارہا تھا۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ابھی یہ فیچر بیٹا صارفین کو دستیاب ہے تو واٹس ایپ استعمال کرنے والے تمام افراد کے لیے اسے کب متعارف کرایا جائے گا، یہ ابھی کہنا مشکل ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker