پاکستان

نئے صوبے اسی صورت بنیں گے جب سب راضی ہوں گے ورنہ نہیں بنیں گے، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہےکہ نئے صوبے اسی صورت میں بنیں گے جب سب راضی ہوں گے ورنہ نہیں بنیں گے۔

این سی سی آئی اے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے تمام جماعتوں کی رائے ضروری ہے، نئے صوبوں کے حوالے سے بہترین حل یہ ہےکہ عوام کی رائے لے لی جائے، اگر اس کے علاوہ بھی کوئی بہترین حل ہے تو اس کے لیے بھی عوام کے پاس جانا چاہیے، اگر عوام کہتے ہیں کہ نئے صوبے نہیں بننے چاہئیں تو میں عوام کے ساتھ ہوں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے سب کا اپنا اپنا مؤقف ہے، نئے صوبوں کے حوالے سے پیپلزپارٹی کا اپنا مؤقف ہے، ہمارے لیے پیپلزپارٹی، ن لیگ سمیت تمام جماعتیں اہم ہیں، ن لیگ اور ہم سارے اکٹھے ہیں، جو بھی ہوگا اختلاف سے نہیں ہوگا، اگر سب راضی ہوں گے تو سب کچھ ہوگا۔

بانی پی ٹی آئی اور ان کے اہلخانہ سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا ایک دو دن سے افواہیں چل رہی ہیں کہ پتا نہیں کیا ہونے والا ہے اور کیا ہوسکتا ہے، جو ان کا قانونی حق ہے اور عدالت سے جو انہیں ملےگا وہ ہی ملےگا، باقی ساری چیزیں اسی طرح ہیں،کوئی فرق نہیں ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بچیوں کو بلیک میل کرنے والوں کے خلاف زیروٹالرنس ہے، آن لائن فراڈ کے زیادہ تر کیسز میں خواتین نشانہ بن رہی ہیں، ملک سے کرپشن کو ختم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ہم نے وزارت داخلہ میں موجود کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی ہے، لوگ نشاندہی کریں، ہم کرپٹ لوگوں کے خلاف کارروائی کریں گے، اسلام آباد کی زمین پر جس بے دردی سے قبضہ کیا گیا ہے دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker